منگلورو،26؍ نومبر (ایس او نیوز) جنوبی کینرا ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ فیمیلی ویلفیئر ڈپارٹمنٹ سے منسلک ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر ڈاکٹر رتناکر کو اپنے ساتھ کام کررہی خواتین اسٹاف کے ساتھ عاشق مزاجی کا رویہ اپنانے اور رنگ رلیاں منانے کے الزام معطل کردیا گیا ۔
اطلاع کے مطابق رنگین مزاج ڈاکٹر رتناکر ڈیوٹی کے وقت دن میں بھی دفتر کے اندر خواتین کے ساتھ ناقابل قبول اور ناشائستہ حرکتیں اور موج مستی کرنے کا عادی ہے اور اس نے بیک وقت 9 خواتین کے ساتھ اس طرح کے رشتے بنا کر رکھے ہیں ۔ وینلاک ہاسپٹل میں قائم اس کا دفتر خواتین اسٹاف کے ساتھ ڈاکٹر رتناکر کی ناشائستہ حرکتوں اور رنگ رلیوں کا مرکز بن گیا تھا ۔ الزام یہ بھی لگایا جارہا ہے کہ ڈاکٹر رتناکر اپنے دفتر میں ملازمت کررہی ان خواتین کو بہت ٹارچر کیا کرتا تھا جو اس کے ساتھ رنگ رلیوں میں شامل نہیں ہوتی تھی اور جو خواتین اس کے ساتھ تعاون کرتی تھیں انہیں اپنے ساتھ دوروں پر لے جایا کرتا تھا ۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر رتناکر کو معطل کرنے کے احکام 8 نومبر کو جاری کیے گئے اور اس کے خلاف محکمہ جاتی تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔